یہ گاڑی ٹیکس گزاروں کی ملکیت ہے، سرکاری گاڑیوں کا بے جا استعمال روکنے کیلئے گاڑیوں پر آفیشل لوگو لگانے کا حکم

گلگت (پی این آئی)یہ گاڑی ٹیکس گزاروں کی ملکیت ہے، گلگت بلتستان میں سرکاری گاڑیوں پر آفیشل لوگو لگانے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں سرکاری گاڑیوں کے بے جا اور غیر قانونی استعمال کو روکنے کیلئے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان میں سرکاری گاڑیوں کے بے جا استعمال کو روکنے کیلئے گاڑیوں پر آفیشل لوگو لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے صوبے کے تمام اضلاع میں سرکاری گاڑیوں پر آفیشل لوگو پرنٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے اندر مختلف سرکاری محکموں کے زیر استعمال تمام سرکاری گاڑیوں کے بونٹ اور دونوں طرف کے دروازوں پر جی بی حکومت کا لوگو نمایاں طور پر آویزاں ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ ہر گاڑی پر واضح طور پر یہ لکھا ہونا چاہیے کہ یہ گاڑی عوامی فنڈز سے خریدی گئی ہے۔ ان ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سرکاری گاڑی واپس لے لی جائے گی۔

 

 

 

بتایا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال جیسے کے خاندان کے افراد کی جانب سے سرکاری گاڑی کا استعمال، سیر و سیاحت کیلئے سرکاری گاڑی کا استعمال یا کسی دوسری سرگرمی کے لیے سرکاری گاڑیوں کے استعمال کو روکنے کیلیے سرکاری گاڑیوں پر آفیشل لوگو پرنٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اقدام سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا یہ سرکاری گاڑیاں ان کے ٹیکس سے ان ہی کی خدمت کیلئے خریدی جاتی ہیں، لہذا سرکاری گاڑیوں کا صرف اسی مقصد کیلئے استعمال ہونا چاہیے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان میں سیاحوں پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ گلگت کی حکومت کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دیگر شہروں سے جو سیاح آتے ہیں وہ گلگت بلتستان کے روڈ، پانی بجلی سب استعمال کرتے ہیں لیکن حکومت کو ان سے کچھ حاصل نہیں ہورہا ہے، لہذا سیاحوں پر ٹیکس عائد کر کے سالانہ 2 ارب روپے اضافی ٹیکس اکٹھا کرنے کا منصوبہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close