جہانگیر ترین نے عام انتخابات میں بڑا سرپرائز دینے کا اعلان کر دیا

لاہور ( پی این آئی) جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ آئی پی پی عام انتخابات میں بڑا سرپرائز دے گی۔

تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو کسی شخصیت کا نام لیکر بیانیہ نہیں بنانا چاہیے۔ قائد مسلم لیگ ن کو سابق آرمی چیف اور آنے والے چیف جسٹس کا نام نہیں لینا چاہیے تھا،اگر نواز شریف نے کسی کے ساتھ معاملات طے کرنے ہیں تو پہلے وطن واپس آئیں۔انہوں نے انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مؤقف تھا نئی حلقہ بندیوں کے تحت الیکشن ہوں،ہمیں لیول پلئینگ فیلڈ سے متعلق کوئی شکایت نہیں۔ امید ہے الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کے ساتھ ایک جیسا رویہ رکھے گا۔ہم جموری پارٹی ہیں کسی کی مدد چاہیے تو وہ عوام ہیں،جو امید ماضی میں پوری نہں ہوئی وہ آئی پی پی پوری کرے گی۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ہم منظم ہو کر بھر پور طریقے سے الیکشن لڑیں گے،ہم نے انتخابی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن میں پارٹی رجسٹریشن اور نشان کا عمل آئندہ ہفتے مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ آئی پی پی عام انتخابات میں بڑا سرپرائز دے گی۔ پنجاب میں آئی پی پی کے پاس مضبوط امیدوار ہیں،استحکام پاکستان پارٹی میں مزید بڑے بڑے نام شامل ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سابق ایم این اے منزہ حسن نے بھی استحکام پاکستان میں شمولیت اختیار کر لی ہے،انہوں نے نو مئی کے واقعات کے بعد آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی۔ منزہ حسن تحریک انصاف ویمن ونگ کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں۔ چند روز قبل منزہ حسن نے پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں