الیکشن سے پہلے جیل سے باہر آجائیں گے؟ چوہدری پرویز الٰہی نے صحافی کے سوال پر کیا کہا؟

اسلام آباد ( پی این آئی) پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ جو حالات چل رہے ہیں تمام سیاستدانوں کو الیکشن سے قبل حفاظتی ضمانت کروا لینی چاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے انسداد دہشت گردی عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

صحافی نے پرویز الٰہی سے سوال کیا کہ الیکشن بر وقت ہونے چاہیئں؟۔جس پر سابق وزیراعلٰی نے جواب دیا کہ الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے نظام رکا ہوا ہے۔ صحافی نے پھر سوال کیا کہ کیا لگتا ہے آپ الیکشن سے پہلے جیل سے باہر آ جائیں گے؟۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ یہ بات اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے بیک ڈور مذاکرات پر کچھ نہیں کہہ سکتا،چوہدری شجاعت سے دوبارہ ملاقات ہو گی۔صحافی نے پوچھا کہ سنا ہے نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ بدل رہی ہے؟۔جس پر سابق وزیراعلٰی نے جواب دیا کہ نواز شریف خود بھی بدل گئے ہیں۔ پرویز الٰہی اور شیخ رشید کے جیل کے اندر یا باہر ہونے سے متعلق بلاول بھٹو کے بیان پر انکا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کو اپنی سالگرہ منانے دیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پرویز الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جیل کا کھانا دیا جا رہا ہے جس سے طبیعت اچھی نہیں رہتی،پہلے ڈاکٹر کی سہولت تھی لیکن اب اس میں بھی مسائل ہیں۔سابق وزیراعلٰی پنجاب حسبِ روایت سیاسی مخالفین پر تنقید کرنا نہ بھولے اور کہا کہ بجلی مہنگی ہونے کے اصل ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف ہیں۔

جبکہ اینٹی کرپشن پنجاب نے چوپدری پرویز الہیٰ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ پرویز الہیٰ نے محمد خان بھٹی کو غیر قانونی طور پر پرنسپل سیکرٹری لگایا،پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم کے طور پر کسی اسپیشل سروسز کے افسر کو نہیں لگایا جا سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں