عمران خان کو 9مئی واقعات میں اُلجھانے کی کوشش، پیپلزپارٹی نے عمران خان کے مطالبے کے مطابق پٹیشن دائر کر دی

کراچی (پی این آئی) رہنما پیپلزپارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کو 9 مئی واقعات میں الجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے عمران خان کو انتخابات سے دور رکھا جائے۔ شیری رحمان نے کہا کہ ہم نے 9مئی واقعات کی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کیلئے پٹیشن دائر کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال صاحب نے وہ نہیں کیا جو ان کو آئین کے مطابق کرنا چاہیے تھا، 90 روز میں انتخابات کا آئینی کیس انہوں نے ایک مہینہ رکھے رکھا اور نہیں سنا، ملٹری کورٹس کیس کی سماعتیں کیں مگر فیصلہ دیے بغیر رخصت ہو گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ سابق کابینہ میں شامل کچھ ارکان اب بھی نگراں کابینہ کا حصہ ہیں، ان ارکان کی موجودگی پرسوال اٹھتے ہیں۔ آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے اب تک سرکاری گھر خالی نہیں کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی شخص نگراں کابینہ میں شامل نہیں ہے۔ نگراں حکومت سیاسی جماعتوں سے دور رہتی ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ ن لیگ کے کچھ لوگ نگراں کابینہ میں شامل ہیں، ایسا نہیں ہوتا کہ کچھ لوگ کابینہ میں شامل رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت نے ایک صوبے کے فنڈز روک دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکایت حریف سے نہیں ہوتی، اگر ہم دعوت میں ساتھ ہوں، باہر ساتھ آنا ہو اور آپ اندر رہ جائیں تو یہ رویہ درست نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہونے چاہئیں۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے بانی رنماؤں میں سے ایک حامد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کا رستہ ہر طرح سے روکا جا رہا ہے اور اس جماعت کے لیڈر کو جو ریلیف ملتا ہے اس پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے عمران خان کو انتخابات سے دور رکھا جائے، دوسرے لیڈرز کو کھلی چھوٹ ہے، مجھے کوئی توقعات نہیں ہیں۔ ادھر پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے اعتراف کیا ہے کہ نیب کو ختم نہ کرکے پیپلز پارٹی نے غلطی کی، اسے اب ختم ہو جانا چاہیے، ووٹ کو عزت دو کا مطلب فری اینڈ فیئر الیکشن ہیں،مریم نواز کا اپنا چچا اس بیانیے سے بھاگ رہا ہے،اگر ہمیں سسٹم ٹھیک کرنا ہے تو پھر مخالفین کو ہتھکڑی نہیں لگانی چاہیے۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران ندیم افضل چن نے کہاکہ نیب کو میں احتساب کا نہیں بلکہ سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ سمجھتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کو اتحاد کے ساتھ مل کر جتنا رگڑا لگا ہے،وہ تو وکٹم رہی ہے، میں تو آج بھی ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کے ساتھ کھڑا ہوں۔پی پی رہنما نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا مطلب فری اینڈ فیئر الیکشن ہیں،مریم نواز کا اپنا چچا اس بیانیے سے بھاگ رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مار کھانے کے وقت ہم آپ کے ساتھ ہوں اور جب حلوہ پک جائے تو آپ اکیلے کھا جائیں،میں سمجھتا ہوں کہ ن لیگ اس وقت حکومت میں ہے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ کسی کو الیکشن لڑنے سے کیوں روکا جائی چاہے وہ کسی بھی جماعت کا ہو،پنجاب میں استحکام پاکستان پارٹی مسلم لیگ ن نے بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹواری سے سیکریٹری خزانہ تک آپ کو حکومت میں ن ہی ن نظر آئے گی، آئین میں جتنی شقیں ن لیگ کے فائدے میں ہیں، اب تک موجود ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close