پیٹرول 400 روپے کا ہو جانے کا امکان، نواز شریف کی واپسی پر دھوم دھام سے استقبال کا پلان دھرا کا دھرا رہ گیا

لاہور (پی این آئی ) نواز شریف کی وطن واپسی پر پٹرول 400 روپے کا ہو جانے کا امکان، 21 اکتوبر کو قائد ن لیگ کا دھوم دھام سے استقبال کا پلان دھرے کا دھرا رہ گیا، ن لیگ کی قیادت نے سر جوڑ لیے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے اگلے ماہ 21 اکتوبر کو لاہور میں نواز شریف کے تاریخی استقبال کرنے کے دعوٰی میں سے ہوا نکل گئی ہے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت کو لگتا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کا معاملہ عوامی مقبولیت حاصل نہیں کر پائے گا۔ رانا ثناء اللہ کی جانب سے دعوٰی کیا گیا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر لاہور میں 10 لاکھ لوگ ان کا استقبال کریں گے، تاہم ن لیگ کے اندرونی ذرائع کا بتانا ہے کہ قائد ن لیگ کے ائیرپورٹ پر عوامی استقبال کا پلان کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر ملک میں پٹرول 400 روپے کا ہو چکا ہو گا، جبکہ گیس کا بدترین بحران چل رہا ہو گا، مہنگائی کے باعث عوام کا غصہ عروج پر ہو گا، اسی لیے قائد ن لیگ کے استقبال کیلئے عوام کے باہر نکلنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ن لیگ کے مقامی رہنما آئندہ چند ہفتوں کے دوران مہنگائی میں اضافے کے امکان کے باعث ممکنہ عوامی ردعمل سے خوفزدہ ہیں۔ن لیگ کی اعلٰی قیادت کی جانب سے سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز کو لوگوں کو اکٹھا کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا، تاہم اب ان رہنماوں نے قیادت کو دو ٹوک جواب دے دیا ہے۔

ن لیگ کے مقامی رہنماوں نے ائیرپورٹ پر نواز شریف کے استقبال کیلئے لوگ اکٹھے کرنے کی یقین دہانی کروائے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ اس لیے اس تمام صورتحال میں ائیرپورٹ پر نواز شریف کا استقبال کرنے کے بجائے رات کے اندھیرے میں مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا پلان بنایا جا رہا ہے۔ جلسے کو روشنیوں کے ذریعے کامیاب دکھانے کی کوشش کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close