لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری خالد محمود گجر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔خالد گجر9 مئی کے واقعات کے بعد روپوش تھے۔خالد گجر کو لاہور شوکت خانم اسپتال کے قریب حراست میں لیا گیا۔
9 مئی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما روپوش ہو گئے تھے جو اب تک سامنے نہیں آئے۔عثمان ڈار بھی 9 مئی کے واقعات کے بعد سے روپوش تھے۔پی ٹی آئی نے گذشتہ ہفتے الزام عائد کیا تھا کہ عثمان ڈار کو کراچی سے اغوا کر لی گیا ہے۔ اس سے قبل پولیس نے 9 مئی واقعات کے درج مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے اشتہاری رہنماؤں کی جائیداد ضبط کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ پی ٹی آئی کے 22 رہنماؤں کی جائیداد قرق کرنے کی اجازت انسداد دہشت گردی عدالت سے مانگی گئی تھی۔ملزمان کو 9 مئی واقعات میں ملوث پائے جانے پر تفتیشی ٹیم نے اشتہاری قرار دیا۔جبکہ 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے چار رہنماؤں کے خلاف اشتہاری کی کارروائی کا آغاز کیا۔ ان رہنماؤں میں حماد اظہر کے علاوہ،غلام عباس، علی عباس اور سرمد ملک شامل ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے تھانہ گلبرگ پولیس کی درخواست پر کارروائی شروع کی۔
پولیس نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے متعدد کوششیں کیں لیکن ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہیں، اس لیے عدالت ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے۔ خیال رہے کہ 9 مئی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے متعدد سینئر رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے،جن میں میاں اسلم اقبال، مراد سعید ، فرح حبیب اور علی امین گنڈا پور سمیت 22 افراد شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں