پیپلزپارٹی رہنما نے تحریک انصاف کیساتھ انتخابی اتحاد کا عندیہ دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) منظور وسان نے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے انتخابی اتحاد سے متعلق نئی پیشگوئی کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی منظور وسان الیکشن کمیشن آفس گئے،منظور وسان نے الیکشن کمیشن سندھ کے ممبر سے ملاقات کی،انہوں نے ملاقات میں عام انتخابات اور حلقہ بندیوں سے متعلق تجاویز دیں۔ اس موقع پر منظور وسان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم کا حلقہ بندیوں سے متعلق واویلا بلا جواز ہے۔ ایم کیو ایم تھپڑ بھی مارتی ہے اور روتی بھی ہے،ایم کیو ایم سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہر دور میں اقتدار میں رہی۔ رہنما پیپلز پارٹی نے پیشگوئی کی کہ عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں ہو سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی سے انتخابی اتحاد ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو جیل بھیجنے سے ملکی مسائل ختم نہیں ہوئے، کوئی مانے یا نہ مانے ملک میں سیاسی و معاشی بحران ہے۔امن و امان اور دہشت گردی کی صورت میں چیلنجز کا سامنا ہے،ماضی میں پیپلز پارٹی کو جب ذمہ داری سونپی گئی تو اس وقت بھی معاشی بحران تھا،پی پی حکومت نے بحران کو سمجھا اور مری ہوئی معیشت کو زندہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے درآمدات کو برآمدات میں تبدیل کیا،پی پی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی منصوبہ شروع کیا۔ ماضی میں جو اچھے اقدامات اٹھائے تھے وہ ایک بار پھر کر کے دکھائیں گے۔

بلاول بھٹو کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں جلد سے جلد الیکشن کرائے جائیں،پیپلز پارٹی کبھی الیکشن سے نہیں بھاگی۔ دیوار سے لگانے کی کسی بات سے فکر مند نہیں ہیں،پیپلز پارٹی کو کسی دیوار سے نہیں لگایا جا رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close