پاکستانی خاتون پولیس افسر کو دنیا کی سب سے بہترین خاتون پولیس افسر کا ایوارڈ دیدیا گیا

آکلینڈ (پی این آئی)انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس نے ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان کو دنیا کی سب سے بہترین خاتون پولیس افسر کے ایوارڈ سے نواز دیا ۔سونیا شمروز خان کو بہترین پولیسنگ اور خواتین پر تشدد کی روک تھام پر نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں پولیس آفیسر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا،سونیا شمروز خان ڈی پی او چترال اور دیگر عہدوں پر بھی کام کرچکی ہیں، انہوں نے جبری شادیوں کی روک تھام کیلئے شکایتی سیل بھی قائم کیے تھے۔

ایس ایس پی سونیا شمروز نےنجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا ایوارڈ صنفی امتیاز کی متاثرہ خواتین اور محنتی خواتین پولیس آفیسرز کے نام کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پولیس اہلکار امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ان تھک محنت کر رہی ہیں، کام کے دوران انہوں نے ثقافتی اصولوں اور حساسیت کو مدنظر رکھا اسی وجہ سے خواتین سےمتعلق جرائم کی رپورٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔سونیا شمروز نے کہا کہ بٹگرام میں خواتین رپورٹ درج کرنے پولیس اسٹیشن نہیں آتی تھیں، اب خواتین ہماری مدد لینے آتی ہیں۔