راولپنڈی (پی این آئی)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی گرفتاری کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی، لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست پر سماعت کل ہوگی، شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاق اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا۔
درخواستگزار نے مؤقف اپنایا کہ شیخ رشید کو ان کے بھتیجے شیخ شاکر، شیخ عمران ڈرائیور سجاد سمیت اٹھایا گیا، جبکہ شیخ رشید پر کسی قسم کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔مزید یہ کہ ایس ایس پی آپریشنز نے شیخ رشید کو غیر قانونی طور پر گھر سے حراست میں لیا، راولپنڈی پولیس سے مسلسل پوچھ رہے ہیں مگر کوئی مناسب جواب نہیں دیا جا رہا، عدالت پولیس کو شیخ رشید کو پیش کرنے کے حوالے سے پابند کرے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کو راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا، جس پر ان کے وکلاء کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں