سکھر(آئی این پی)جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ایک ماہ میں پیٹرول کی قیمتوں میں دو باراضافہ کیا جا رہا ہے نگران حکومت انتہائی بیکار حکمرانوں کا ٹولا ہے نگراں حکومت کا کام نگرانی کرنا ہے ان کا کام مہنگائی کرنا نہیںہے ، انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ملک میں بدترین قسم کی مہنگائی کی گئی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں عوام کویہ ممکن نہیں ہے کہ قومی خزانے کے لیے پیسے دے ان خیالات کا اظہار انہوں دفتر جماعت اسلامی سکھر میں دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا،ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے،
نگران حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں عوام پر مہنگائی کا بوجھ نا ڈالے، ہمارا نگران حکومت سے یہی مطالبہ ہے کہ 90 دن کے اندر انتخابات کروائیں، الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انتخابات کی تاریخ دے،انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں ڈاکو راج قائم ہو چکا ہے،سندھ میں کوئی محفوظ نہیںہے ،رانی پور میں معصوم بچی فاطمہ فرڑو کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، سکھر کے سینئر صحافی جان محمد مہر کے قتل کا سن کر بہت افسوس ہوا، صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث قاتل اور ان کے سہولتکاروں کو گرفتار نہیں کیا گیاجو حکومت وقت اور پولیس کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، ہم شہید جان محمد مہر کے ورثا کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ، لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات ہونا لازمی ہے ،انتخابات ہونگے تب ہی معیشت بہتر ہوگی، نگران حکومت اپنے دائرے کے اندر رہے اور ان کا کام انتخابات کرانا ہے، اتحادی حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے،
اتحادی حکومت کی غلطیوں کی سزا غریب عوام بھگت رہی ہے، اٹھارہ تاریخ سے ملک کے تمام گورنر ہاس کے باہر دھرنے کا اعلان کرتے ہیں ، 18تاریخ کو پشاور 21 کو لاہور،24 کو کوئٹہ، 29 کو ملتان اور 6 اکتوبر کو کراچی میں دھرنے دیے جائینگے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں