اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی حکومت نے ترسیلات زر کو قانونی ذرائع سے فروغ دینے کیلئے 5مختلف اقسام کی اسکیمز کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے اپنے ویڈیو پیغام میں قانونی ذرائع سے ترسیلات زر کو فروغ دینے کیلئے پانچ قسم کی اسکیموں کا اعلان کیا۔اس حوالے سے نگراں وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے کیلئے ان اسکیمز کا اعلان کیا گیا ہے،
حکومت نے 80ارب روپے کی منظوری دی تاکہ قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک اسکیم کے تحت 100ڈالر سے اوپر ترسیلات زر پر کوئی چارجزیا فیس وصول نہیں کی جائے گی جبکہ دوسری اسکیم کے مطابق ترسیلات زر بھیجنے والوں کو پوائنٹس دئیے جائیں گے جن کے تحت وہ کئی سرکاری اداروں سے خدمات اور اشیا رعایتی نرخوں پر حاصل کر سکیں گے
جبکہ تیسری اسکیم کے مطابق حکومت ایکسچینج کمپنیوں کیلئے بھی مراعات فراہم کرے گی۔نگراں وزیر خزانہ نے کہاکہ چوتھی اسکیم کے تحت مالی اداروں کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے کے حوالے سے مارکیٹنگ کے بدلے مراعات دی جائیں گی اور پانچویں اسکیم قرعہ اندازی پر مشتمل ہے جس کے تحت قانونی ذرائع کے ذریعے زیادہ ترسیلات زر بھیجنے والوں کو بذریعہ قرعہ اندازی نقد انعامات دئیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں