لندن(آئی این پی) سابق گورنر سندھ اور رہنما مسلم لیگ (ن)محمد زبیر نے کہا ہے کہ یہ بات درست ہے کہ نواز شریف وطن واپسی کیلیے چیف جسٹس پاکستان کی تبدیلی کا انتظار کر رہے تھے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ نئے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی سے کوئی ریلیف نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ آئین و قانون کے مطابق فیصلے ہوں، نئے چیف جسٹس کا ایک زبردست ریکارڈ ہے اور ہم انصاف ہی چاہتے ہیں۔
محمد زبیر نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، وہ تاریخ سے پہلے آ سکتے ہیں لیکن بعد کا سوال ہی نہیں، ان کے استقبال کیلیے ایسی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا سپریم کورٹ کے نیب ترامیم سے متعلق فیصلے پر کوئی ردعمل نہیں تھا، فیصلہ ایسا ہی متوقع تھا اور پی ٹی آئی کو کوئی نہ کوئی تحفہ تو دینا ہی تھا، ہم نے ساڑھے 3 سال نیب کیسز کو بھگتا تھا، سپریم کورٹ خود کہہ چکی ہے کہ نیب کو سیاسی انجینئرنگ کیلیے استعمال کیا جاتا ہے۔اس سے قبل لندن میں میڈیا سے گفتگو میں محمد زبیر نے بتایا تھا کہ نواز شریف اپنے پروگرام کے مطابق 21 اکتوبر کو پاکستان جائیں گے، سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، کسی کو ڈرنا ہے تو پی ٹی آئی کے چیئرمین اور ان کی پارٹی کو ڈرنا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں