عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کون کرے گا؟ نگران حکومت کا واضح اعلان

اسلام آباد (پی این آئی)صدر مملکت کی جانب سے کسی بھی وقت الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق خبروں کے بعد نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت انتخابات آخری مردم شماری کے تحت ہونے ہیں، آخری مردم شماری 2023ءکی ہے جس کے تحت حلقہ بندیاں ضروری ہیں، حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن شیڈول جاری کر چکا ہے۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو 54 دن الیکشن مہم کیلئے بھی دینا ہوں گے، غیر جانبدارانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لئے تیاری کر رہے ہیں، انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت ذمہ دار، قانونی و آئینی ہے، ہماری کوشش ہے ہم تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات بہتر رکھیں، ہم ایک ایسا الیکشن چاہتے ہیں جسے سب تسلیم کریں۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران حکومت کی مدت کا تعین آئین، قانون اور آئینی ادارے کرتے ہیں، نئی پارلیمنٹ منتخب ہوگی تو ہم قوم کی امانت ملک کے منتخب نمائندوں کے حوالے کر کے چلے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close