آج ملک میں موت سستی اور باقی سب کچھ مہنگا ہے، سراج الحق نے نعرہ لگا دیا

لیہ(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست نے ملک تباہ کر دیا، موجودہ ملکی حالات پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی محنت کا ثمر ہے، آج ملک میں موت سستی اور باقی سب کچھ مہنگا ہے۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ قومی و صوبائی اسمبلی ختم ہو گئی لیکن گہرے اثرات چھوڑ گئی، گزشتہ 5 سال سے جاری سیاست نفرت کی سیاست تھی، آج پاکستان میں مہنگائی اور بیروزگاری کی آگ لگی ہوئی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں عدل کی حکمرانی ہو گی، حلال رزق کے دروازے کھلیں گے تو بہتری آئے گی، ریاست مدینہ میں انصاف سے زکو لینے والا کوئی نہیں رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ پاکستان میں امن ہو جو دنیا کے لئے مثال ہو، اس دن کے انتظار میں ہوں کہ ہم بھیک مانگنے کے بجائے مدد کریں، میں اس ملک میں شریعت اور خلافت کا نظام چاہتا ہوں جس سے ترقی ہو۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 76 برسوں میں ایک دن میں بھی اسلام کا نظام نہیں آیا، ہمارا تمام نظام تباہ ہو گیا ہے، 1860 کا قانون ہی ابھی تک چل رہا ہے، انگریز کا بنایا گیا مجسٹریٹی نظام چل رہا ہے، آج سارا معاشی نظام پرانا چل رہا ہے، صدیاں گزر گئیں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

سراج الحق نے کہا کہ سود اللہ کے خلاف جنگ ہے جس پر ہمارا نظام چل رہا ہے، وفاقی شرعی عدالت، اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلوں کے باوجود سودی نظام کا خاتمہ نہ ہو سکا، سودی نظام کے باعث پاکستان کمزور ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی سب سود خور ہیں، پاکستان پر قرضہ 72 ہزار ارب ہو چکا ہے، بجلی کے بل کی قسطوں کے لئے بھی آئی ایم ایف سے اجازت لینا پڑتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close