جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنی حلف برداری کے بعد ساتھی ججز کو عشائیے کی دعوت دیدی، چیف جسٹس عمر عطابندیال کو مدعو کیا گیا یا نہیں؟

اسلام آباد (پی این آئی) حلف برداری کے بعد عشائیہ،جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے دعوت نامے ججز کو موصول ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے اپنی حلف برداری کے بعد ساتھی ججز کو عشائیے کی دعوت دے دی۔

ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی جانب سے عشائیے کی دعوت 17 ستمبر کیلئے دی گئی،موجودہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کو بھی عشائیہ میں مدعو کیا گیا۔جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور ان کی اہلیہ کی جانب سے با ضابطہ دعوت نامے ججز کو موصول ہو گئے۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال 16 ستمبر کو ریٹائرڈ ہوں گے اور جسٹس قاضی فائز عیسٰی 17 ستمبر کو بطورِ چیف جسٹس عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ یاد رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ صدر مملکت عارف علوی نے چیف جسٹس کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 اے 3 کے تحت دی تھی۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کا نوٹیفیکشن بھی جاری کیا گیا تھا،وزارتِ قانون نے نوٹیفیکشن جاری کیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی تعیناتی کا اطلاق 17 ستمبر 2023ء سے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی ریٹائرمنٹ پر ہو گا۔

موجودہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال 16 ستمبر 2023ء کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے،صدر مملکت جسٹس قاضی فائز عیسٰی سے 17 ستمبر 2023ء کو عہدے کا حلف لیں گے۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی سپریم کورٹ کے سنیئر ترین جج ہیں،جسٹس قاضی فائز عیسٰی 29 ویں چیف جسٹس پاکستان بنیں گے۔ خیال رہے کہ جسٹس عمر عطا بندیال نے بطورِ چیف جسٹس 2 فروری 2022ء کو عہدے کا حلف اٹھایا تھا،جسٹس گلزار احمد کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس عمر عطاء بندیال نے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close