مہنگی گندم کی وجہ سے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ ہوگیا

لاہور (پی این آئی) پنجاب میں مہنگی گندم کے باعث آٹے کے نرخ میں اضافہ کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلار ملز نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 20 سے 40 روپے اضافہ کر دیا۔

فلار ملز ایکس مل قیمت کے حساب سے آٹا 2700 سے 2760 روپے میں فروخت کر رہی ہیں۔ محکمہ خوراک پنجاب نے وفاقی حکومت سے 5 لاکھ ٹن سرکاری گندم مانگ لی،وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی اجلاس میں پنجاب کے حکام کی جانب سرکاری گندم فراہم کرنے کی درخواست کی گئی۔نگران پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد وفاق کو باضابطہ مراسلہ بھجوایا جائے گا۔ محکمہ خوراک پنجاب کے پاس 40 لاکھ ٹن گندم اسٹاک میں موجود ہے تاہم لبرل ریلیز کیلئے 5 لاکھ ٹن گندم کا مطالبہ کیا گیا۔ جبکہ لاہور میں گندم 4740،اسلام آباد اور راولپنڈی میں 4810 روپے فی من ہو گئی ہے۔دوسری جانب رواں ماہ روسی گندم آنے کے بعد آٹے کی فی کلو قیمت میں 15 سے 20 روپے کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔امپورٹرز کے مطابق 15 ستمبر کو روس سے پہلا جہاز 60 ہزار میٹرک ٹن گندم لیکر کراچی پہنچے گا،دوسرا جہاز 23 سے 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گا۔

جہازوں میں 60،60 ہزار میٹرک ٹن گندم ہو گی۔ امپورٹرز نے بتایا کہ روس سے گندم آنے کے بعد ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں کمی آ جائے گی۔ روسی گندم کراچی پہنچ کر 100 روپے فی کلو میں پڑے گی،روسی گندم آنے سے پورا سال وافر مقدار میں گندم دستیاب ہو گی۔ امپورٹرز نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 125 کلو اور آٹا کی قیمت 160 روپے کلو ہے۔ جبکہ حکومت کی جانب سے سرکاری آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا،یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 1 ہزار روپے اضافہ کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close