کراچی (پی این آئی) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اگر انتخابات میں عوام آصف زرداری اور نواز شریف کو چنتے ہیں تو سب کو قبول کرنا چاہیے،اگر عوام پی ٹی آئی کا انتخاب کرتے ہیں تو بھی ہمیں قبول کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم پیغام دینا چاہتے ہیں عوام پر تجربے کرنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو آج جیل کاٹ رہے ہیں ان کیلئے پیغام ہے کہ گھبرانا نہیں،جیل میں آپ کے سیاستدان بننے کی ٹریننگ ہو رہی ہے۔ آپ جیسے سیاستدان ابھی سیکھے نہیں اس لیے ابھی ٹریننگ چل رہی ہے۔ سب سے زیادہ جیل کاٹنے والے سیاسی قیدی آصف زرداری ہیں،آصف زرداری نے ساڑھے 11سال جیل میں گزارے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے الیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات آئین کے مطابق 90 روز میں کرائے جائیں،الیکشن کمیشن کم سے کم عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان تو کریں۔ الیکشن کمیشن 90 دن میں نہیں تو 100 اور 120 دن میں الیکشن کا اعلان کرے۔ الیکشن میں تاخیر کا سوال انتخابات سے بھاگنے والوں سے کیا جائے۔ نیب کیسز پر بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ گزشتہ 16 ماہ دوسری جماعتوں نے اپنے کیسز معاف کرائے،ہماری توجہ اپنے کام پر تھی کیسز پر نہیں۔
پیپلز پارٹی ماضی میں بھی نیب سے خوفزدہ نہیں ہوئی اور اب بھی نہیں ڈری،پیپلز پارٹی کے کسی رہنما کا نام ای سی ایل میں نہیں ہے۔ ہم نے پروپیگنڈا اور کردار کشی کرنے والوں کو اپنی کارکردگی سے جواب دیا۔ نیب کی جھوٹی خبر چلا کر یہ خاموش کرا دیں گے تو ان کی غلطی فہمی ہے،ہمارے سارے کیسز وہی ہیں،عدالت اور نیب کا سامنا کرنا کیلئے تیار ہیں۔ بلاول بھٹو نے مہنگائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے،بے روزگاری اور غربت سے لوگ پریشان ہیں۔ ہمار ا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ مہنگائی اور بے روز گاری سے ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں