تحریک انصاف نے صدر مملکت عارف علوی سے بڑا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے صدر مملکت سے عام انتخابات کی تاریخ کے بلا تاخیر اعلان کا مطالبہ کر دیا۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دستور کا آرٹیکل (5)48 قومی اسمبلی کی قبل ازوقت تحلیل کی صورت میں صدرِمملکت کو انتخابات کے انعقاد کیلئے 90 روز کی مدّت کے اندر کسی تاریخ کے تعیّن کا پابند بناتا ہے ، چنانچہ صدرِمملکت اپنا دستوری فریضہ نبھائیں اور آئین کی بالادستی یقینی بناتے ہوئے بلاتاخیر ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں، صدر مملکت نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کیا تو آئین کی بے حرمتی اور عوام کے بنیادی آئینی دستوری و جمہوری حقوق کی پامالی کے ذمہ دار ہوں گے۔ یہاں واضح رہے کہ صدر مملکت عہدے کی مدت مکمل کرنے کے بعد بھی فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں گے۔صدر مملکت عارف علوی کے عہدہ صدارت کی مدت آج مکمل ہو رہی ہے تاہم ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عارف علوی عہدے صدارت مکمل کرنے کے بعد ایوانِ صدر خالی نہیں کریں گے۔

عارف علوی نئے صدر کے انتخاب تک فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں گے،صدر مملکت آج معمول کے بھی فرائض سر انجام دیں گے۔ عارف علوی نے 9 ستمبر 2018ء کو صدارتی منصب سنبھالا تھا۔ یاد رہے کہ صدر عارف علوی لاہور کا دورہ مکمل کر کے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ عارف علوی نے گورنر ہاؤس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی بحالی اور سماجی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے،مختلف شعبوں خصوصاََ آئی ٹی سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close