راولپنڈی(آئی این پی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کا ملبہ مولانا فضل الرحمان پیپلزپارٹی پر اور پی پی مسلم لیگ (ن)پر ڈال رہی ہے،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان نااہلوں کی وجہ سے سارا ملبہ غریب عوام پر گر گیا ہے، اصل مسئلہ غربت اور بیروزگاری ہے جس پر کوئی بات کر رہا ہے نہ توجہ دے رہا ہے،صدر مسلم لیگ(ن)کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اقتدار میں ہو تو سات سات فنکشن کرتا ہے اقتدار سے اترتا ہے تو سیدھا لندن جاتا ہے اور بیمار ہو جاتا ہے، نواز شریف کو پہلے ہی کئی سالوں سے سیاسی بیماری ہے،
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ کی اہم قیادت ملک چھوڑ کر جا چکی ہے، انہیں قوم کے جذبات اور عوام کے غیض و غضب کا علم ہے، جو لوگ بجلی کے بلوں اور چینی، آٹے کی مہنگائی کیخلاف سڑکوں پر آئے ہیں وہ کسی لیڈر یا پارٹی کے کہنے پر نہیں آئے اپنی بقا کیلئے سڑکوں پر آئے ہیں،شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے کسی کی طرف نہیں دیکھ رہے، آسمان کے فیصلے کی طرف دیکھ رہے ہیں کیونکہ مسئلہ اب سیاست نہیں رہا سنگین معاشی حالات بن گیا ہے، غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں غریب کا چولہا بھی نہیں جل رہا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں