اسلام آباد(پی این آئی)جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع ہوگئی۔
لاہور پولیس نے ایف بی آر،اسٹیٹ بینک اور کمشنر لاہور سے پی ٹی آئی کے روپوش رہنماؤں مراد سعید،اعظم سواتی، میاں اسلم اقبال،حماد اظہر سمیت دیگر ملزمان کی جائیدادوں کی تفصیلات مانگ لیں۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور عمران کشور نے ایف بی آر ،اسٹیٹ بینک اور کمشنر لاہور کے نام خط میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جائیدادوں اوربینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ 24 جولائی کو عدالت نے مرادسعید،اعظم سواتی،میاں اسلم اقبال،حماد اظہر سمیت ملزمان کے اشتہار جاری کیے اور ملزمان کو ایک ماہ میں پیش ہونے کی مہلت دی مگر وہ پیش نہیں ہوئے۔خط کے مطابق دفعہ 88 کے تحت ملزمان کی جائیداد یں ضبط کرنےکی کارروائی کی ضرورت ہے،ملزمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
جن رہنماؤں کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں ان میں فرخ حبیب، زبیرنیازی، واثق قیوم،اسدزمان اورامتیاز شیخ شامل ہیں ۔ ان کے علاوہ حافظ فرحت،غلام عباس،علی حسن،سعیداحمد،شفقت امین،عندلیب عباس،احمد خان نیازی،خالد گجر،ملک کرامت کھو کھر اور دیگر کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں