اسلام آباد (انٹرنیوز) لیگی رہنماء مریم نواز نے کہا ہے کہ شہدا کا تقدس و احترام ایمان کا حصہ ہے، 9مئی واقعات دشمن کی سازش کا حصہ ہیں،قوم برداشت نہیں کرے گی،عوام،افواج کے رشتے میں دشمن کو دراڑ نہیں ڈالنے دیں گے۔ایک بیان میں مریم نواز نے یومِ دفاع پر شہدا،غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6ستمبر 1965ء تاریخی و یادگار دن ہے، ہماری فوج نے بہادری کے وہ کارنامے دکھائے جس نے دشمن کو عبرت کی مثال بنایا۔
انہوں نے کہا کہ افواج اور عوام مل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہیں، اس اتحاد پر ضرب لگانا، پاکستان کے دشمنوں کا اصل منصوبہ ہے جسے ہم نے مل کر ناکام بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی رشتے میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش، حسرت ناتمام ہی رہے گی، شہدا کے تقدس اور احترام پر قوم نے کبھی سمجھوتہ کیا نہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شہدا کا تقدس و احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے، 9مئی جیسے سیاہ واقعات دشمن کی سازش کا حصہ ہیں جسے قوم برداشت نہیں کرے گی، مضبوط افواج، امن اور معاشی بحالی کے ضروری تقاضے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج عظیم قربانیاں دے رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام،افواج کے مضبوط رشتے میں دشمن کو دراڑ نہیں ڈالنے دیں گے، دشمن کی منفی سوچ سے نوجوانوں کے ذہنوں کو بچائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں