عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) سندھ اور لاہور میں تعطیل کا اعلان، پنجاب کے دارالحکومت میں حضرت داتا گنج بخش کے عرس جبکہ سندھ میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے موقع پر تعطیل ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کی نگران حکومت نے حضرت داتا گنج بخش کے 980ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کے آخری اور تیسرے روز شہر لاہور میں مقامی تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 7ستمبر بروز جمعرات کو لاہور میں مقامی تعطیل ہو گی۔ اس روز شہر بھر کے تمام تعلیمی اداروں سمیت مقامی حکومتوں کے ضلعی دفاتر کچہریاں بند رہیں گی جبکہ اعلیٰ عدالتوں سمیت صوبائی حکومت کے تمام محکمہ جات سول سیکرٹریٹ سے ملحقہ دفاتر کھلے رہیں گے ۔ دوسری جانب سندھ کی نگراں حکومت نے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے موقع پر 7 ستمبر کو تعطیل کا فیصلہ کرلیا۔ محکمہ تعلیم سندھ نے 7 ستمبر کو نجی اور سرکاری اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا، تعطیل کا فیصلہ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹرننگ کمیٹی کی جانب سے کیا گیا۔ جبکہ وفاقی حکومت نے یوم دفاع کی تعطیل کے حوالے سے بھی اہم اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفیکیشن گردش کر رہا ہے جس کے مطابق ملک بھر میں کل یوم دفاع پاکستان کے موقع پر عام تعطیل ہو گی، اس حوالے سے اب کابینہ ڈویژن کی جانب سے وضاحتی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

یوم دفاع پر ملک بھر میں عام تعطیل کے نوٹیفیکیشن سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کابینہ ڈویژن نے سوشل میڈیا پر عام تعطیل سے متعلق گردش کرنے والا نوٹیفیکیشن جعلی قرار دے دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کل بروز بدھ کو یوم دفاع کے سلسلے میں ملک میں کوئی تعطیل نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان 6 ستمبر بدھ کو روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس کیلئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 6 ستمبر یوم دفاع کو کو صبح کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد میں شہداء کیلئے قرآن خوانی اور ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائوں سے ہو گا جبکہ وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھانے کی تقاریب منعقد ہوں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ یوم دفاع کے حوالے سے اخبارات خصوصی سپلیمنٹ شائع کریں گے اور65ء کی جنگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی پروگرام ٹیلی کاسٹ کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close