اسلام آباد(انٹرنیوز) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پولیس ذمہ داری ادا نہیں کررہی، ناقص تفتیش مسائل پیدا کررہی ہے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس مظاہر علی نقوی اور جسٹس جمال مندوخیل پر مشتمل 2رکنی بینچ نے شیخوپورہ میں اکبر نامی شہری کے قتل کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس مظاہر علی نقوی نے ناقص تفتیش پر آر پی او اور ڈی پی او شیخو پورہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ناقص تفتیش لوگوں کے لئے مسائل پیدا کر رہی ہے،
پولیس اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی، پولیس نے مرضی سے نہیں، قانون کے مطابق تفتیش کرنی ہوتی ہے، قتل کا مقدمہ ہے کسی کی جان لی گئی ہے۔آر پی او بابر سرفراز نے عدالت کو بتایا کہ ناقص تفتیش پر تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس پر وضاحت مانگی ہے جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ تفتیشی نے ملزم کے بیان پر اس کو کیسے بے گناہ کردیا۔ جسٹس مظاہر علی نقوی نے آئی او عارف سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ملزم کو بے گناہ کس کے کہنے پر کیا جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ڈی ایس پی فیروز والا میاں شفقت کے کہنے پر رپورٹ لکھی تھی۔بعد ازاں عدالت نے ملزم سانول یوسف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں