عمران خان اور پی ٹی آئی کیلئے مذاکرات کے دروازے بند، چئیرمین پی ٹی آئی کی پیشکش پر ردِعمل آگیا

لاہور (پی این آئی) سینئر صحافی انصار عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے لیے مذاکرات کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔

انصار عباسی نے لکھا کہ ’چیئرمین تحریک انصاف سے اٹک جیل میں ملاقات کرنے والی اُن کی لیگل ٹیم کے ایک اہم ممبر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کا یہ پیغام ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں۔عمران خان نے کسی بھی قسم کی ڈیل کی تردید کی اور یہ بھی کہا کہ وہ اپنے رستے سے نہیں ہٹیں گے۔ دوسری طرف نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ9 مئی کو جو ہوا وہ بغاوت تھی اور اس کا ہدف موجودہ آرمی چیف اور اُن کی ٹیم تھی۔ اُنہوں نے واضح طور مئی 9 کی سازش میں شامل کسی بھی فرد کو کسی بھی قسم کی رعایت دئیے جانے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملکی قوانین کو پامال کرنے اور تشدد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی نہ ہوئی تو ہم اس معاملہ میں فریق نظر آئیں گے۔نگران وزیراعظم کا یہ بیان عمران خان اور تحریک انصاف کیلئے پیغام ہے کہ نہ حکومت نہ فوج9 مئی کو بھولے ہیں اور نہ ہی بھولیں گے۔

یعنی عمران خان اور تحریک انصاف کے لیے مذاکرات کے دروازے بند ہو چکے، 9مئی کو وہ ریڈلائن کراس کی گئی جس کے بعدمذاکرات ہونا ممکن نہیں۔ چند ہفتے قبل تک تحریک انصاف پی ڈی ایم حکومت کے جانے کی دعائیں کرتی تھی اور اس امید سے تھی کہ نگران حکومت کے آنے کے بعد تحریک انصاف کے لیے حالات بہترہوں گے، سختیاں کم ہوں گی، پکڑ دھکڑ بھی تھم جائیگی اور تحریک انصاف کے لیے الیکشن میں جانے کا ماحول بہتر ہو جائے گا۔ میں اُس وقت بھی کہتا تھاکہ مجھے تحریک انصاف کی امیدیں پوری ہوتی نظر نہیں آتیں بلکہ سختیاں مزید بڑھ سکتی ہیں کم نہیں ہو سکتیں، بالکل ویسا ہی ہوا۔ تحریک انصاف اور اس کے رہنما9 مئی کے واقعات کی سنگینی کو سمجھنے کے لیے تیار نہیں۔ وہ سمجھتے تھے کہ چند ہفتوں یا مہینوں میں ادارہ اور لوگ اس واقعے کو بھول جائیں گے اوریہ بھی کہ تحریک انصاف کی مقبولیت کے وجہ سے عمران خان کو مائنس کرنا ممکن نہیں ہو گا لیکن سب کچھ اُس کے برعکس ہو رہا ہے جو پی ٹی آئی سوچ رہی تھی۔

عمران خان جیل میں ہیں، توشہ خان کیس کی سزا تو کالعدم ہو چکی لیکن وہ الیکشن نہیں لڑ سکتے۔ اس کیس میں ضمانت مل گئی لیکن اٹک جیل سے اُن کا نکلنا ابھی ممکن نظر نہیں آتا۔ سائفر کیس میں بھی اُنہیں چند ماہ میں کوئی بڑی سزا مل سکتی ہے۔ 9 مئی کے علاوہ کچھ اور مقدمات بھی خان صاحب کا پیچھا کر رہے ہیں۔ ایسے میں نہ کوئی سیاسی جماعت عمران خان سے بات چیت کرے گی، نہ ہی حکومت اور ادارے مذاکرات کے لیے تیار ہوں گے۔ کاش عمران خان نے ماضی میں اپنے سیاسی مخالفین سے بات چیت کی ہوتی، اُن سے ہاتھ ملانے سے انکاری نہ ہوئے ہوتے۔ کاش عمران خان نے اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد فوج اور فوجی قیادت کو اپنے نشانہ پر نہ رکھا ہوتا، اُن کو بدنام نہ کیا ہوتا، 9مئی کا واقعہ نہ ہوا ہوتا۔ اب جو عمران خان مانگ رہے ہیں وہ اُن کے سیاسی مخالف ، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دینے کے لیے تیار نہیں۔ عمران خان نے بہت دیر کر دی‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close