آصف علی زرداری کا صوبہ پنجاب سے متعلق الیکشن سے قبل بڑا فیصلہ

لاہور ( پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابات سے قبل تمام تر توجہ صوبہ پنجاب پر مرکوز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو جلد لاہور کا دورہ کریں گے۔

اس دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی سی ای سی کی اجلاس لاہور میں منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد پنجاب میں پارٹی فعال کرنا ہے، اجلاس کا فیصلہ صوبائی قیادت کی ناکامی پر کیا گیا۔ذرائع کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری لاہور میں پارٹی رہنماؤں اور عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں صوبے میں پارٹی عہدوں پر تعیناتیوں پر مشاورت کی جائے گی، الیکشن سے قبل عوامی رابطہ مہم کے لیے حکمت عملی بھی طے کی جائے گی، آصف زرداری کے دورہ لاہور میں پارٹی کنونشن کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پارٹی قیادت پیپلز پارٹی پنجاب کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا شکار ہے کیوں کہ پنجاب سے اہم شخصیات کی پی پی پی میں شمولیت کی امید تھی لیکن الیکشن سے پہلے پیپلزپارٹی کو پنجاب میں اب تک کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

جس کی بنیادی وجہ پنجاب قیادت کی صوبے میں پارٹی فعال کرنے میں ناکامی قرار دی گئی ہے۔ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی عہدیداروں کی باہمی چپقلش کا شکار ہے، صوبائی عہدیداروں کے جھگڑوں سے پارٹی متاثر ہو رہی ہے، پنجاب قیادت صوبے میں تاحال پارٹی کا مستقل صدر بھی تلاش نہیں کرسکی، قیادت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پنجاب میں پارٹی کا مستقل صدر مقرر نہیں ہوسکا جب کہ عارضی صدر پی پی پنجاب رانا فاروق سعید صوبے میں پارٹی کو فعال کرنے میں ناکام رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close