اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اگر قوم نے دوبارہ موقع دیا تو پاکستان کو4 سال میں ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیں گے، سولہ ماہ میں ہم نے اپنی سیاست کو قربان کرکے ریاست بچائی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 16 ماہ میں ہم نے اپنی سیاست کو قربان کرکے ریاست بچائی ہے۔ یہ تیرہ چودہ ماہ کی ایک جنگ تھی اگر یہ نہ کرتے تو خدانخواستہ پاکستان ڈیفالٹ کرجاتا، مسلم لیگ ن نے ملک کو بچانے کیلئے سیاسی قیمت ادا کی ہے، اگر قوم نے دوبارہ موقع دیا تو انشاءاللہ تین چار سال میں پاکستان کو خوشحالی کی شاہراہ پہ ڈال دیں گے۔اسی طرح اسحاق ڈار نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سب کو یاد ہوگا جب میں پاکستان گیا تو کہا تھا کہ پاکستانی روپیہ 200 روپے کا ہونا چاہیئے، پاکستان جانے کیلئے جہاز میں بیٹھا تھا تو ڈالر پانچ چھ روپے نیچے چلا گیا، پہلے 17 دن میں یہ 217 روپے پر آگیا، میں واشنگٹن دورے پرورلڈ بینک کی میٹنگ میں گیا تو میرے پیچھے کچھ ہاتھوں نے اس کو پھر ریورس کروا دیا ، میں ہوا میں نہیں کہتا تھا کہ ڈالر 200 روپے کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کا منترہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوگیا ہے، ہم نے تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر کیں، نگران حکومت اگر تمام پالیسیوں کو لے کر چلے گی توملک بہتر ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان بیوروبرائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں پاکستان کے تجارتی خسارہ کا حجم 3.763 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 40 فیصد کم ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک کا تجارتی خسارہ 6.302 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا، اگست میں ملکی تجارتی خسارہ کا حجم 2.126 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جو جولائی کے مقابلہ میں 30 فیصد زیادہ اورگزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 40 فیصد کم ہے، جولائی میں ملک کا تجارتی خسارہ 1.637 ارب ڈالر اورگزشتہ سال اگست میں 3.571 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں