بلوں میں ریلیف کی کوششیں جاری، تفصیلات فیصلوں کی شکل میں سامنے آئیں گی، مرتضی سولنگی کی عوام کو تسلی

اسلام آباد(آئی این پی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں جس کی تفصیلات فیصلوں کی شکل میں سامنے آئیں گی۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ ایک ذمہ دار حکومت ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم عدلیہ اور قانون کا احترام کریں، پرویز الہی کی گرفتاری کا معاملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کے درمیان ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکی قوانین کے تحت کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کہیں قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو ملک میں عدلیہ بھی آزاد ہے اور میڈیا بھی آزاد ہے، ملک میں ہر ایک کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے، ہر ایک کو تنقید کا حق ہے، ہم کسی سے ان کا یہ حق چھین نہیں سکتے، ہمارا بھی حق ہے کہ جس چیز کو درست سمجھیں وہ بلا خوف و خطر سامنے رکھیں۔نگران وزیر نے کہا کہ آئین، قانون اور ہماری محدود مدت ہمیں فیصلے کرنے کی اجازت دیتی ہے، آئین اور قانون کی روشنی میں ملک کے بہتر مفاد میں فیصلے کریں گے اور ان پر ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔مرتضی سولنگی کا کہنا تھا کہ برطانوی نشریاتی ادارے پر میری گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، مناسب ہوگا کہ وہ اس کی وضاحت خود کریں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیوں کا عمل تیز کر دیا ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی جو تاریخ دے گا اس پر انتخابات کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close