درخواستیں اسلام آباد کے بجائے لاہور ہائیکورٹ سنے، عمران خان کا اصرار

اسلام آباد(انٹرنیوز)عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن سے نا اہلی اور پارٹی عہدے سے ہٹانے کیخلاف کیس میں مرکزی درخواست واپس لینے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی۔درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے 21 اکتوبر 2022 کے آرڈر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے،۔ درخواست کے زیر سماعت ہونے کے دوران الیکشن کمیشن نے ایک اور شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

متن کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 7 دسمبر 2022 کو شوکاز نوٹس جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بتائیں کیوں آپ کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تناظر میں چیئرمین شپ سے ہٹایا نہ جائے۔درخواست کے مطابق یہ دونوں معاملات لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ کے سامنے بھی زیر سماعت ہیں جن پر لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے نوٹس بھی جاری کیے جا چکے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے بجائے لاہور ہائیکورٹ میں پیروی کرنا چاہتے ہیں۔عمران خان کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی گئی تھی، تاہم اب تک درخواست واپس لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے تا کہ وہ لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی پیروی کر سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close