الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی تکمیل کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی تکمیل کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے عمل کا دورانیہ مزید کم کرنے کا خواہاں ہے، حلقہ بندیوں کی تکمیل کے فوراً بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا عمل اس سال چودہ دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا آئندہ عام انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں سے مشاورت کاسلسلہ جاری ہے، آج چیف الیکشن کمشنر سے مسلم لیگ ق ، تحریک لبیک پاکستان، عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں تحریک لبیک پاکستان کے وفد نے کہا کہ ریٹرننگ افسرعدلیہ سے نہ لئےجائیں،وہ الیکشن بہترطریقے سےنہیں کراسکتے اورحلقہ بندیاں جلد مکمل کرنے کیلئے عملہ بڑھانے کا مطالبہ کیاہے ۔ رہنما ق لیگ غلام مصطفی ملک نے کہا کہ الیکشن90 روز کے اندر ہوں یا 190 روز کے اندر ، لیکن صاف اور شفاف ہونے چاہیے اور اس میں تمام سیاسی جماعتوں کو بھرپور انداز میں اپنا لائحہ عمل اور منشور عوام کے سامنے رکھنے کی کھلی اجازت ہونی چاہیے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیوں کے عمل کا دورانیہ کم کرنا زیرغورہے،حلقہ بندیوں کے فوری بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق پر سیاسی جماعتوں سے الگ مشاورت ہوگی۔

اعلامیہ کے مطابق نادراکےساتھ مل کرفوت شدگان کوانتخابی فہرستوں سےنکالا جا رہا ہے، جبکہ انتخابی مہم اوراخراجات کی باقاعدہ مانیٹرننگ بھی ہوگی ۔ تحریک لبیک پاکستان کے رہنما چودھری رضوان سیفی کا کہنا تھا کہ جو آئین ہے آئین پہ عمل درآمد کرتے ہوئے الیکشن ان ٹائم ہونا چاہیے ۔ ق لیگ کے وفد نے الیکشن کمیشن کے نئی حلقہ بندیوں کےفیصلےکی تائیدکرتے ہوئے کہاکہ ملکی مسائل کا حل معیشت کی بہتری ہے انتخابات نہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close