سرکاری ملازمین سالانہ 34 کروڑ یونٹ مفت بجلی استعمال کرتے ہیں، دستاویزات میں انکشاف

اسلام آباد(آئی این پی) سرکاری ملازمین کی جانب سے سالانہ 34کروڑ یونٹ مفت بجلی استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور ڈویژن نے گریڈ 17سے 21تک کے سرکاری افسران کی مفت بجلی کے خاتمہ کی تجویز کا جھانسہ دے کر بڑی واردات چھپا لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 15ہزار ملازمین کی مفت بجلی ختم کرنے سے بڑا فرق نہیں پڑے گا بلکہ ٹیرف میں بڑے فرق کے لیے تمام ملازمین کی مفت بجلی سہولت ختم کرنا ضروری ہے،دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ گریڈ 17سے 21کے 15ہزار 971ملازمین ماہانہ 70لاکھ یونٹس مفت بجلی استعمال کرتے ہیں۔

اسکے مقابلے میں گریڈ ایک سے 16تک کے ملازمین 33کروڑیونٹ ماہانہ مفت بجلی استعمال کررہے ہیں جن کی تعداد 1لاکھ 73ہزار200ہے، یہ سرکاری ملازمین سالانہ 10 ارب کی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں،دستاویز کے مطابق گریڈ 17تا 21کے ملازمین سالانہ 1ارب 25کروڑکی بجلی مفت استعمال کر رہے ہیں جبکہ گریڈ 1سے 16کے ملازمین ماہانہ 76کروڑ 43لاکھ روپے کی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں،وزارت توانائی حکام کا کہنا ہے کہ گریڈ 17سے 21تک ملازمین کی مفت بجلی ختم کرنے سے ماہانہ 19کروڑ روپے بچت ہوگی۔ مفت بجلی یونٹ ختم کرکے مخصوص رقم تنخواہ میں شامل کرنے سے یہ فرق اور کم ہوجائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close