لاہور (پی این آئی) بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی نے ہفتہ 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیاہے۔۔۔ہفتہ کے روزلاہور میں جماعت اسلامی کے یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئےجماعت اسلامی کے امیرسراج الحق نے کہا کہ ایک پنکھا اور چار بلب جلانے والوں کو چالیس ہزار روپے بل آ گیا ہے، حکومت کو خبردار کرتے ہیں بجلی کا فیصلہ واپس لے، ظالمانہ فیصلے کو نہیں مانتے، کراچی سے چترال تک بلوں کے خلاف احتجاج جاری ہے، خبردار کرنا چاہتا ہوں،
اگر اضافہ واپس نہ لیا تو ہاتھ گریبان تک پہنچ جائیں گے۔۔۔انہوں نے کہا کہ حیران ہوں پن بجلی کی قیمت 6.94 روپے ہے، نااہل حکومت و انتظامیہ مہنگا کوئلہ، گیس اور آئل درآمد کرکے روز ڈاکہ ڈال رہی ہے، بجلی کے بلوں نے عوام کو پریشان کر دیا ہے، کہاں گیا بھاشا ڈیم؟ قیامت تک شاید مکمل نہیں ہوگا، عوام کیلئے بارودی سرنگیں کس نے بچھائی ہیں۔۔۔انہوں نے کہا کہ آج بھی قومی اسمبلی، سینیٹ، وزارتوں میں انگریزوں کا ساتھ دینے والے بیٹھے ہیں، ملک میں مہنگائی معاشی دہشت گردوں کی وجہ سے ہے، حکمرانوں نے شوگر ملز اور جائیدادوں میں اضافہ کیا، اگر کسی قوم پرایٹم بم استعمال ہو تو وہ اٹھ سکتی ہے لیکن اخلاق تباہ ہوجائے تو کبھی نہیں اٹھ سکتی۔۔۔امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ کراچی سے چترال تک ظالمانہ فیصلوں اور بجلی کی قیمتوں کے خلاف 2 ستمبر کو ہڑتال کریں گے اور حکومت کو مجبور کریں گے بجلی کے فیصلے واپس کرے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں