راولپنڈی(آئی این پی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط کردار ادا کر رہا ہے، عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق 9مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہارورڈ یونیورسٹی، امریکا کے 38طلبا کے ایک گروپ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
انٹرایکٹو سیشن کے دوران آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کے مسائل اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاک فوج کے کردار پر بات کی،آرمی چیف نے پاکستان کی بھرپور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور شرکا پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران اپنے تجربات کی بنیاد پر پاکستان کو دیکھیں۔آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط کردار ادا کر رہا ہے، عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی مظالم اور حقائق کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ طلبا نے بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر آرمی چیف کی تعریف کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں