نگران حکومت نے بھی عام انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی حمایت کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جس تاریخ کا اعلان کریگا اسی پر انتخابات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے لیے جو تاریخ دی جائے گی اس پر ہی عام انتخابات کرائے جائیں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آرٹیکل 218(3) کے تحت انتخابات میں الیکشن کمیشن کی مدد کریں گے، آرٹیکل 51 کے تحت الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے، معاشی بہتری کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں، نگراں وزیرِخزانہ چند دن میں معاشی بحالی کا پروگرام پیش کریں گی۔ نگراں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے اختیارات نہیں لینا چاہتے، الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا ہم اس کے پیچھے کھڑے ہیں، ادھر الیکشن کمیشن کے انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے 90 دن میں انتخابات کروانے کا مطالبہ کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انتخابات سے متعلق سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، جمیعت علما اسلام (جے یو آئی) کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مشاورتی اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے وفد نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت حلقہ بندیوں کی ضرورت نہیں ہے اس لیے 90 دن میں انتخابات کروائے جائیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انہوں نے گرفتار لیڈروں اور کارکنوں کی فوری رہائی، سیاسی ریلیوں کی اجازت اور یکساں سیاسی مواقع فراہم کرنے کا بھی مطالبہ پیش کیا۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران جے یو آئی کے وفد نے موقف اپنایا الیکشن کا انعقاد آئین کا تقاضا ہے، تاہم مردم شماری کے نتائج آچکے ہیں اس لیے حلقہ بندیوں کا عمل پہلے مکمل کرنا چاہیے۔ مشاورتی اجلاس سے متعلق جاری اعلامیے میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیوں کو یقین دلایا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائےگا اور کوشش ہوگی کہ الیکشن کا انعقاد جلد ازجلد ہو اور یقینی بنایا جائے گا کہ انتخابات میں تمام پارٹیوں کو یکساں مواقع میسر ہوں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں