استحکام پاکستان پارٹی نے ایک اور بڑی سیاسی وکٹ اُڑا لی، سیاسی میدان میں ہلچل

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی سابق امیدوار قومی اسمبلی، سینئرخاتون رہنماء سمیرا ساہی نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ آئی پی پی ملک میں تعمیر وترقی اور خوشحالی کی خواہاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی سمیرا ساہی نے صدر آئی پی پی لاہور ڈاکٹر مراد راس سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی و انتخابی صورتحال پر بات چیت کی۔اس موقع پر سمیرا ساہی نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ صدر آئی پی پی لاہور ان کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور سمیرا ساہی کو پارٹی پرچم کا مفلر بھی پہنایا۔ سمیرا ساہی نے کہا کہ آئی پی پی ملک میں تعمیروترقی اور خوشحالی کی خواہاں ہے، عبدالعلیم خان اور جہانگیرترین کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے۔مزید برآں استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے جڑانوالہ میں متاثرہ گھروں اور چرچز کا دورہ کیا اور متاثرین کی بحالی کے لئے کمیونٹی سنٹر کے قیام ،ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جہانگیر خان ترین مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے جڑانوالہ پہنچے ۔س موقع پر استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما اسحاق خان خاکوانی، ملک نعمان لنگڑیال اور چوہدری ظہیر بھی انکے ہمراہ تھے۔ جہانگیر خان ترین نے متاثرہ گھروں اور چرچز کا دورہ کیا اور متاثرین سانحہ جڑانوالہ سے ملاقات کی ۔ جہانگیر خان ترین نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کی بحالی کے لئے کمیونٹی سنٹر کے قیام اور ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ حادثے کا بہت افسوس ہوا۔سربراہ استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت نے متاثرین کے لئے بہترین اقدامات کئے، استحکام پارٹی کی طرف سے متاثرین سے ملنے آئے ہیں، ایک کروڑروپے کمیونٹی ویلفیئر کے لئے دے رہے ہیں۔سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیرترین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں مسیحی اورمسلم پیار محبت کے ساتھ اکٹھے رہ رہے ہیں۔

close