دریائے ستلج بپھر گیا، پنجاب کے سینکڑوں دیہاتوں میں تباہی مچ گئی، ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور

لاہور (پی این آئی) دریائے ستلج بپھرنے سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں تباہی مچ گئی ہے ،583 دیہات میں پانی داخل ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

سیلابی ریلے سے پنجاب کی کئی بڑی آبادیاں، درجنوں بستیاں اور موضع جات زیر آب آ گئے ہیں، جب کہ موضع بھٹیاں اور قادر بخش بند ٹوٹ گئے ہیں، بورے والا کے متاثرہ علاقوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس میں سہولیات ناپید ہیں اور سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد پریشانی کا شکار ہیں۔ ادھر قبولہ کے علاقے میں نورارتھ بند پر نوجوان سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ بہاولنگر میں بھی کھانے پینے کی شدید قلت ہے۔ بہاولنگر ضلع میں ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں متعدد عارضی حفاظتی بند اور سڑکیں ٹوٹ گئیں اور 80 سے زائد دیہات کے زمینی راستے منقطع ہوگئے۔ درجنوں آبادیاں سیلاب کی لپیٹ میں آنے سے چاروں طرف پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے۔بہاولنگر میں ہزاروں ایکڑ فصلیں اور املاک تباہ ہو گئیں۔ سیلابی پانی رہائشی ڈیروں اور مکانوں میں داخل ہوگیا، جس کی وجہ سے متاثرین کی بڑی تعداد کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ اسکول اور بجلی بند ہونے سے معمولات زندگی درہم برہم ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close