لاہور(آئی این پی) پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں قانون کی خلاف ورزی کرکے قید تنہائی میں رکھنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔اجلاس میں کور کمیٹی اراکین نے چیئرمین کو جیل میں قانون کے مطابق بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کو سراسر ظلم اور سفاکیت قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت اور عدالت کی آبزرویشنز خوش آئند ہیں، چیف جسٹس، ججز کیخلاف پروپیگنڈہ دھونس اور غنڈہ گردی سے فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جارہی ہے۔
کور کمیٹی کے اجلاس میں سزا یافتہ مجرمہ مریم نواز کی سرکردگی میں عدالتی فیصلوں پراثر انداز ہونے کی کوشش شرمناک قرار دی گئی۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف نے 90روز کی آئینی مدت کے اندر ملک بھر میں عام انتخابات کے انعقاد کا بھی پرزور مطالبہ کیا اور صدر مملکت کی بذریعہ خط چیف الیکشن کمشنر کو الیکشن انعقاد سیمتعلق مشاورت کی دعوت خوش آئند قرار دی گئی۔تحریک انصاف کور کمیٹی اراکین نے چیف الیکشن کمشنر پر آئین کی حدود سے تجاوزکی روش ترک کرنے پر زور دیا، اجلاس میں بدترین معاشی تباہی اور نہایت تیزی سے پھیلتی غربت کا بھی مفصل جائزہ لیا گیا۔اراکین نے بجلی، گیس پانی اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ عوامی دسترس سے باہر ہونے پر حکومتی بیعملی کی شدید مذمت کی اور صدر پی ٹی آئی جنوبی پنجاب سینیٹرعون عباس کے اغوا کی بھی مذمت اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں