اسلام آباد(آئی این پی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی اپیلوں پرہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامے میں سپریم کورٹ نے کہا کہ چیرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی سمیت دیگر اپیلوں پر ہائیکورٹ فیصلہ کرے۔ مناسب یہی ہے کہ ہائیکورٹ کا احترام کرتے ہوئے اس کے فیصلے کا انتظار کریں۔اس میں یہ بھی کہا گیا کہ تمام فریقین (آج) جمعرات 2 بجے توشہ خانہ کیس میں عدالت پیش ہوں۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ کے اختیار سماعت، توشہ خانہ ریفرنس کے قابل سماعت ہونے کے معاملات غور طلب ہیں، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ توشہ خانہ ٹرائل قانون کے مطابق اور مجوزہ طریقہ کار سے ہوا یا نہیں۔عدالت عظمی نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ توشہ خانہ کیس میں اہم قانونی نکات پر عدالت کا غور کرنا ضروری ہے۔ وکیل چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق ان کو سنے بغیر ٹرائل کورٹ نے یکطرفہ فیصلہ سنایا۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی 5 اگست سے جیل میں ہیں، وکیل چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق اپنے دفاع میں گواہان پیش کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔اس میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کے سوال پر درخواست گزار کے وکیل کے دعوے کی تصدیق کی۔سپریم کورٹ نے کہا کہ سزا معطلی کی درخواست ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے جس پر کل سماعت ہوگی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت میں سنجیدہ نکات اٹھائے جن کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں