پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کیخلاف بھی گھیرا تنگ ہونے لگا

اسلام آباد(پی این آئی) پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ رہنما تحریک انصاف زرتاج گل پر ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن، کک بیکس اور خورد برد کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

 

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کیخلاف مقدمے کے اندراج کے بعد ان کی گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے زرتاج گل کی گرفتاری کیلئے ڈی جی خان میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ زرتاج گل متعدد بار طلب کرنے کےباوجود پیش نہ ہوئیں، ان کیخلاف مقدمے میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ افسران ،ٹھیکیداروں کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ چھاپے کے وقت خاتون رہنما پی ٹی آئی زرتاج گل اپنے گھرپر موجود نہیں تھیں، زرتاج گل کو کرپشن، کمیشن، کک بیکس کے الزامات کی انکوائری کیلئے متعدد بار طلب کیا گیا تھا۔

 

 

 

واضح رہے کہ آج سے چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اسی طرح سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ توشہ خانہ کیس میں گرفتار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بھی سائفر گمشدگی کیس میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اسد عمر کو سائفر کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں