راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور یونیورسٹی ٹیکنالوجی مارا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

راولپنڈی(پی این آئی) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ملائیشیا کی یونیورسٹی ٹیکنالوجی مارا کے ساتھ تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں اشتراک کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔

 

 

اس مفاہمت نامہ کے تحت دونوں تعلیمی اداروں کے اساتذہ ، محققین اور طالبات کو مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور تربیتی پروگراموں میں کام کرنے کے مواقع ملیں گے۔ مفاہمت کی یاداشت پر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال، اور ریکٹر یونیورسٹی ٹیکنالوجی مارا ، پروفیسر ڈاکٹر ایچ جے محمد رسدی زینی ، نے آن لائن ورچوئل تقریب میں دستخط کئے جسے یوٹیوب پر براہ راست دکھایا گیا۔ اس موقع پر دونوں یونیورسٹیوں کے معاہدے کے فوکل پرسنز اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔یونیورسٹی ٹیکنالوجی مارا ملائیشیا کی ایک بڑی یونیورسٹی ہے جو 34 کیمپسز ، 4 کالجز ،14 فیکلٹیز اور 9 ایکڈیمک سینٹرز پر مشتمل ہے۔ جدید ترین انفراسٹرکچر پر مشتمل یونیورسٹی ٹیکنالوجی مارا انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ کہ 500 سے زائد پروگرامز کے ذریعے لاکھوں اسٹوڈنٹس کو جدید تعلیم فراہم کر رہی ہے۔

 

 

 

یہ معاہدہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی انٹرنیشنل یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں شراکت داری کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی مستقبل میں تعلیم و تحقیق کے فروغ کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں