صمصام بخاری نے بھی پی ٹی آئی چھوڑ دی، کس سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرلی؟

لاہور( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والے صمصام بخاری نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔9 مئی کے واقعات سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اعلان بھی کر دیا۔

 

 

 

انہوں نے پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین اور آئی پی پی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین دفعہ انفارمیشن میں کام کر چکا ہوں، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، جو کچھ بھی ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، مجھے 9 مئی کے منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا، 9 مئی کے واقعات نے ملک پر گہرا اثر چھوڑا۔ جو نام سامنے آئے ہیں ان سے میرا کوئی تعلق نہیں۔میں 9 مئی کے واقعات سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتا ہوں۔صمصام بخاری نے کہا کہ تمام سینئر رہنما سے رابطے کیے اور آئی پی پی جوائن کرنے کا فیصلہ کیا، سب مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کریں گے، صمصام بخاری نے کہا عوام ، حکومت اور اداروں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل صمصام بخاری نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ صمصام بخاری کی جانب سے جاری بیان میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ میں ہر محب وطن پاکستانی کی طرح 9 مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ نہ کبھی وائلنس کی سیاست پر یقین رکھا نہ رکھوں گا اور نہ ہی یہ کوئی طریقہ ہے۔

 

 

 

صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہمارا ہے، ادارے ہمارے ہیں، ہمیں مل کر ملک کے لیے کام کرنا ہے، آج تحریک انصاف سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے اسے چھوڑنے کا اعلان کرتاہوں۔دوسری جانب صمصام بخاری نے استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیرترین سے ملاقات کی تھی جس کے بعدآج باقاعدہ طور پر آئی پی پی میں شامل ہو گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close