نواز شریف کی واپسی کیلئے کام شروع، عدالتوں میں ریلیف لینے پر غور

لاہور ( پی این آئی) مریم نواز اور حمزہ شہباز کو نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا ٹاسک دے دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے لیگل ٹیم نے کام شروع کر دیا۔

 

 

پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ لیگل ٹیم نواز شریف پر بنائے گئے کیسز پر عدالتوں میں ریلیف لینے پر غور کرے گی،لیگل ٹیم سابق وزیراعظم کی آمد پر حفاظتی ضمانت لینے کا بھی جائزہ لے گی۔ ذرائع کے مطابق وکلاء کی حتمی رائے کے بعد نواز شریف کو واپسی کی تاریخ دی جائے گی،جبکہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کو نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ قبل ازیں نواز شریف نے کہا کہ میرا دل پاکستان کی چوبیس کروڑ عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے،میرا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے،جلد پاکستان میں عوام کے درمیان موجود ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن جیت کر حکومت بنائے گی،سابق سلیکیٹڈ کٹھ پتلی کپتان اور اناڑی ٹولے نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جس کا خمیازہ آنے والی نسلیں بھی بھگتیں گی۔ سابق وزیر اعظم نے شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 142 سے ن لیگ کے متوقع امیدوار خان جہانزیب خان سے لندن میں ملاقات کے دوران مزید کہا کہ مہنگائی کا جو جن بے قابو ہے یہ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔

 

 

 

مجھے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حکومت سے نکال کر ملک عمران خان کے سپرد کیا گیا۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ منصوبہ سازوں کے چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ نواز شریف نے حاجی اورنگزیب خان سے کہا کہ میں آپ سے کیا ہوا وعدہ وفا کروں گا جیسے ہمیشہ آپ نے میرے ساتھ وعدہ وفا کیا،وہ 1990 کا الیکشن ہو یا 1993 کا یا 1999 کا مارشل لاء آپ ہمیشہ چٹان کی طرح میرے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close