جڑانوالہ واقعہ، نگران پنجاب حکومت کا متاثرین کیلئے فی خاندان بڑی امداد کا اعلان

جڑانوالہ (پی این آئی ) نگران حکومت پنجاب نے جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کیلئے 20 لاکھ روپے فی گھر امداد کا اعلان کردیا۔

 

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے جڑانوالہ کے علاقے عیسی نگر پہنچے، نگران صوبائی وزراء بھی محسن نقوی کے ہمراہ تھے، جہاں متاثرہ چرچ اور گھروں کا جائزہ لیا گیا، نگران وزیراعلیٰ نے اے ای سی چرچ کا دورہ کیا اور دعائیہ تقریب میں شرکت کی، تقریب میں پاکستان کی سالمیت، استحکام، ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے دورے کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ یہ ملک ہر پاکستانی کا ہے، مسلم، مسیحی، سکھ، ہندو سب ایک ہیں، ہم ہر مظلوم کے ساتھ ہیں، ظالم کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، اے ای سی چرچ کا گراؤنڈ فلور کی تعمیر و مرمت مکمل ہو چکی ہے، چرچ کو تزئین و آرائش کے بعد عبادت کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

 

 

 

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے، جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کو 20 لاکھ روپے فی گھرانہ امداد کے طور پر دیں گے، ہمارا وعدہ ہے جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کو انصاف ضرور ملے گا، ہماری پوری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے۔قبل ازیں سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جڑانوالہ میں کرسچن کالونی کا دورہ کیا، اس موقع پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ بھی ہمراہ تھیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جلائے جانے والے گھر اور چرچز دیکھے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ کرسچن کالونی کی گلیوں کی فورََا صفائی کرائی جائے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اس موقع پر کہا کہ آپ لوگوں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں،دکھ میں شریک ہونے آپ کے پاس خود آیا ہوں، انتظامیہ کو ہدایت کروں گا بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر کریں، آپ کو ہر قسم کا تحفظ کرنے میں مدد کروں گا، واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں گی اور ذمہ داریاں کو سزا دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close