اسلام آباد(آئی این پی)سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں کی 14 دسمبر کو حتمی اشاعت کا عمل آئین کے آرٹیکل 224 کی خلاف ورزی ہے۔اپنے ایک بیان میں سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 224 ٹو کہتا ہے کہ اسمبلی تحلیل کے 90 روز میں الیکشن ہونا ہے، آئینی تقاضے پورے کرنے کیلئے حلقہ بندی کے شیڈول کو محدود کیا جا سکتا تھا،
اگر الیکشن کمیشن کے پاس عملہ کم ہے تو وہ حکومتوں سے سٹاف مانگ سکتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں آئینی خلاف ورزیاں ہوئیں، گزشتہ 4 سال میں رضا مندی سے اور دانستہ طور پر آئین کی خلاف ورزی کی گئی، یہ عمل وفاق کیلئے بہت خطرناک ہے، اگر آئین کو اس طرح پامال کیا تو وفاق شدید دبا میں آئے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں