لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوان تیاری کرلیں نوازشریف جلد آپ کے درمیان ہوں گے، فتنہ پارٹی نے نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار پیدا کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے پنجاب کے صوبائی حلقوں کے یوتھ کوآرڈینیٹرز نے ملاقات کی۔
مریم نوازنے کہا کہ مسلم لیگ ن کی اصل طاقت نوجوان ہیں، پارٹی کا مستقبل بھی نوجوان ہیں ، زندگی کے ہرشعبے میں ترقی نوجوانوں کا حق ہے، پارٹی نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع دے گی، نوجوانوں نے پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے جب بھی نوجوانوں کو کال دی انہوں نے لبیک کہا، نوجوان تیاری کرلیں نوازشریف جلد آپ کے درمیان ہوں گے، فتنہ پارٹی نے نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار پید اکیا۔دوسری جانب سپریم کورٹ میں مریم نواز اور احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر نیب کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔نیب نے شمیم شوگر ملز کیس میں آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 22 اگست کو مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔چیف جسٹس پاکستان کے ساتھ بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔
اسی طرح سپریم کورٹ میں سابق چیئرمین ایل ڈی اے اور وزیراعظم کے سابق مشیر احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔ نیب نے احد چیمہ پر منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام عائد کیا ہے جس میں ضمانت منسوخی کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 25 اگست کو نیب کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں