جب تک میرے لیڈر عمران خان کی ضمانت نہیں ہو گی میں بھی ضمانت نہیں لوں گا، پی ٹی آئی رہنما کا اعلان

کراچی ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے چئیرمین پی ٹی آئی کی ضمانت ہونے تک جیل میں رہنے کا اعلان کر دیا۔فردوس شمیم نقوی کو جب عدالت پیش کیا گیا تو انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے آج ایک فیصلہ کیا ہے کہ جب تک میرے لیڈر عمران خان کی ضمانت نہیں ہو گی میں بھی اپنی ضمانت کے لیے درخواست دائر نہیں کروں گا۔

کل میں نے ایک ویڈیو دیکھی جس سے معلوم ہوا کہ 70 سالہ محسن پاکستان کو کس حالت میں رکھا گیا ہے۔جس شخص نے شوکت خانم اسپتال بنایا، نمل یونیورسٹی بنائی،القادر یونیورسٹی بنائی،جس نے چوروں سے چھٹکارے کے لیے پوری جماعت کو کھڑا کیا،جس نے اپنا سب کچھ پاکستان کے لیے وقف کر دیا،جس شخص نے ملک کی خدمت کے لیے بچے بھی چھوڑ دئیے،اس کے ساتھ 70 سال کی عمرمیں یہ سلوک کرنے والوں کو شرم آنی چاہئیے۔جسٹس جج دلاور کی حرکات سب نے دیکھیں، جس طرح عمران خان کو جیل بھیجا گیا وہ سب کو معلوم ہے، کم ازکم اس کو آرام سے جیل میں تو رکھ سکتے ہو نہ۔عمران خان کو کم از کم ایسی جگہ تو دی جا سکتی ہے جہاں پر کیڑے مکوڑے نہ ہوں۔ایک عام قیدی والی سہولیات تو دینی چاہئیے،فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑا ہوں، زیادہ سے زیادہ مر جاوں گا، اس سے زیادہ تو کچھ نہیں ہوگا،جب بھی ظلم بڑھتا ہے تو اس کے ساتھ نفرت بھی بڑھتی ہے۔فیصلہ کیا ہے کہ آج ضمانت کے لیے درخواست دائر نہیں کروں گا۔۔خیال رہے کہ فردوش شمیم نقوی پر ہنگامہ آرائی، جلا گھیرا ؤکے الزامات ہیں۔ کراچی کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف حسن اسکوائر پر ہنگامہ آرائی کے مقدمے کی سماعت26اگست تک ملتوی کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں