ایک اور پی ٹی آئی خاتون رہنما جہانگیر ترین کو پیاری ہوگئیں

لاہور( پی این آئی) مخصوص نشست پر تحریک انصاف کی جانب سے رکن قومی اسمبلی بننے والی آسیہ عظیم استحکام پاکستان پارٹی کا حصہ بن گئیں۔ تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی آسیہ عظیم کی جہانگیر ترین سے ملاقات ہوئی۔ آسیہ عظیم نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔جہانگیر ترین نے آسیہ عظیم کو پارٹی مفلر پہنا کر ان کا خیر مقدم کیا۔

7 اکتوبر 2022 کو خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کی رکن آسیہ عظیم نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں آسیہ عظیم سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حلف لیا تھا۔ اگست میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر آسیہ عظیم چوہدری کو قومی اسمبلی کا مخصوص نشست پر رکن بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں کہاگیا تھا کہ ڈاکٹر شیریں مزاری جنہوںنے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے فیصلے کے مطابق قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا اورگزشتہ دنوں سپیکر قومی اسمبلی نے ان کا ستعفیٰ منظور کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔ خواتین کی مخصوص نشست پر ان کے بعد آسیہ عظیم چوہدری کا نام موجود تھا اور ان کے رکن قومی اسمبلی بننے کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن نے باضابطہ طورپر جاری کر دیا تھا۔آسیہ عظیم چوہدری اس سے قبل مسلم لیگ (ق) کے دور حکومت میں بھی قومی اسمبلی کی رکن رہ چکی ہیں۔قومی اسمبلی میں آسیہ عظیم نے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ ایک مرتبہ پھر مجھے اس ایوان کا دوسری مرتبہ رکن بننے کا موقع فراہم ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں