نیب ترامیم کیس، چیئرمین پی ٹی آئی نے تحریری نکات جمع کرا دئیے، تفصیل سامنے آ گئی

اسلام آباد(آئی این پی)نیب ترامیم کیخلاف کیس چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے تحریری معروضات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے۔تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کا ترمیمی ایکٹ کو چیلنج کرنا قیاس آرائی پر مبنی نہیں ہے، نیب ترمیمی ایکٹ کے نفاذ سے پبلک آفس ہولڈرز کے خلاف تمام زیر التوا ریفرنسز، تحقیقات اور انکوائریاں ختم یا غیر معینہ مدت کے لیے رک جائیں گی۔

تحریری جواب کے مطابق نیب ترامیم عوامی زندگی، آزادی، وقار، مساوات اور جائیداد کے بنیادی حق کے خلاف ہے، نیب ترامیم پاکستان کے عوام کے بنیادی حقوق کی براہ راست خلاف ورزی کے مترادف ہیں، 90 فیصد سے زائد پبلک آفس ہولڈرز کیخلاف انکوائریاں ختم یا واپس ہو چکی ہیں۔نیب ترامیم سے تحقیقات غیر معینہ مدت کے لیے تعطل کا شکار ہو گئی ہیں، نیب ترامیم سے پاکستانی عوام کے اثاثوں اور رقوم کی واپسی ناممکن ہو گئی ہے، اس حوالے سے عوام کا انصاف تک رسائی کا حق بھی محفوظ نہیں، نیب ترامیم کا مقصد کرپشن میں ملوث پبلک آفس ہولڈرز کو معاف کرنے کے سوا کچھ نہیں۔تحریری جواب میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمی 16 مئی کے حکم نامے کی روشنی میں تحریری معروضات کی روشنی میں کیس کا فیصلہ کرے، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کل نیب ترامیم کیخلاف کیس کی سماعت کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close