ایک اور عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) فیصل آباد میں دفعہ 144 نافذ، کل عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھرمیں7دن کےلیےدفعہ 144 نافذ کردی گئی، جس کے تحت کسی بھی قسم کےاحتجاج اوردھرناکی اجازت نہ ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی جانب سے جاری ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق کل ضلع بھر میں امن عامہ کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کا مبینہ واقعہ پیش آیا، مشتعل افراد نے 4 گرجا گھر، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے۔ ادھر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جڑانوالہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ سے موصول ہونےوالی خبروں پر دل انتہائی رنجیدہ ہے، اقلیتوں کو نشانہ بنانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائےگی، قانون کی خلاف ورزی پر تمام قانون نافذ کرنے والوں کو کارروائی کی ہدایت کردی گئی۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، حکومتِ اپنی اقلیتوں کےشانہ بشانہ کھڑی ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جڑانوالہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ‎پاکستان مسیحی برادری کے ووٹ سے بنا تھا، محسنوں کے ساتھ یہ رویہ انتہائی قابل افسوس ہے ، مسیحی برادری نے پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لئے خون دیا ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم یہ قربانیاں اور وطن کی خدمت ہرگز نہیں بھول سکتے ، قانون شکنوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے، ‎ایسے اقدامات کی اسلام اجازت دیتا ہے نہ ہی آئین اور قانون اجازت دیتا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ‎علما اور مشائخ عظام قرآن و سنت کے منافی ایسے قابل نفرت اقدامات کی بھرپور مذمت کریں ، قوم کے لئے یہ واقعہ قابل مذمت اور باعث افسوس اور باعث ندامت ہے ، ‎پنجاب حکومت چرچ اور گھروں کی بحالی کےاقدامات کرے ،‎ایک بار پھر سانحہ 9 مئی کی یاد تازہ ہوگئی ہے، قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں