سرکاری ملازمین کیلئے بُری خبر آگئی

پشاور (پی این آئی) خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز کے استعمال سے متعلق پالیسی جاری کر دی۔

محکمہ اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق تمام سرکاری ملازمین حکومتی امور سے متعلق معلومات واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا کے دیگر تمام پلیٹ فارمز پر ڈالنے، شیئر کرنے سے پہلے متعلقہ انتظامی سیکرٹری یا دیگر مجاز حکام سے اجازت لینے کے پابند ہوں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی جانب سے مختلف واٹس ایپ گروپس کا حصہ بن کر سیاسی معاملات، فرقہ واریت پر بحث اور ریاست مخالف سرگرمیوں جیسے معاملات سے متعلق ڈسکشن کا حصہ بننے کو حکومتی سطح پر نوٹس کیا گیا ہے جبکہ کوئی بھی سرکاری ملازم مسلک، حکومتی امور، ملکی نظریاتی معاملات سے متعلق سوشل میڈیا پر کسی قسم کی معلومات شیئر نہیں کر سکے گا اور نہ ان جیسے معاملات پر بحث کا حصہ بننے کی اجازت ہوگی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین متعلقہ حکام کی اجازت کے بغیر کسی بھی میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ سرکاری ملازمین کسی بھی عوامی مظاہرے یا اجتماع میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔

اسی طرح سرکاری ملازمین پر ریڈیو، ٹی وی اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز میں شرکت یا حصہ بننے کے لیے حکومتی اجازت نامہ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ اجازت ملنے کی صورت میں سرکاری ملازم حکومتی پالیسی کے مطابق میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم میں شرکت کرسکے گا۔ مزید کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا ہو یا میڈیا کے پلیٹ فارمز کا استعمال، سرکاری ملازمین حکومتی اجازت کیساتھ حکومتی پالیسی کو آگے بڑھانے کے پابند بنا دئے گئے ہیں اور مذکورہ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں حکومتی قوانین کے مطابق نمٹا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close