اسلام آباد ( پی این آئی ) سابق وزیراعظم اور پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے 26 افراد کی فہرست تیار کرلی، ملاقاتیوں کی فہرست میں گھر کے افراد اور پارٹی رہنماؤں کے علاوہ عمران خان کے ڈاکٹر اور وکلا بھی شامل ہیں، فہرست درخواست کے ساتھ سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو دی جائے گی۔
عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہنیں عظمیٰ خان و علیمہ خان کے نام لسٹ میں شامل ہیں، پارٹی رہنماؤں کی طرف سے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، اسد قیصر، شبلی فراز، علی امین گنڈاپور، علی محمد خان، عمر ایوب اور رؤف حسن کے نام شامل ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق جاننے کے لیے ڈاکٹر فیصل سلطان کا نام دیا گیا ہے اور وکلاء میں نعیم حیدر پنجوتھہ، علی اعجاز بُٹر، گوہر علی خان، خواجہ حارث، سلمان صفدر اور شیر افضل مروت کے نام دیئے گئے ہیں۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی درخواست پر سماعت 22 اگست کو ہو گی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری اپیل پر سماعت کریں گے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے 5 اگست کو توشہ خانہ کارروائی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے خلاف الزام ثابت ہوگیا ہے، ملزم نے جھوٹا بیان جمع کروایا، ملزم نے جھوٹی ڈیکلریشن دی، ملزم نے الیکشن کمیشن میں جھوٹا بیان حلفی دیا، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کرپٹ پریکٹسز کا مرتکب قرار دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں